21-OCT-2026

خبرکدا ویب ڈیکس: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ قیادت صوبائی حکومت نے ڈیجیٹل گورننس کے شعبے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے سرکاری شعبے میں شفافیت اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد جدید اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد میرٹ کی بالادستی قائم کرنا اور صحت کی بنیادی سہولیات کو عام شہریوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔
اے آئی ٹیکنالوجی سے شفاف بھرتیاں:
پی پی ایچ آئی (PPHI) بلوچستان نے جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ProMetriX سسٹم کے ذریعے 652 طبی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے انتخابی مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر کے انسانی مداخلت کو ختم کیا گیا ہے، جس سے میرٹ اور شفافیت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
‘صحت دہلیز’ اور ٹیلی ہیلتھ سہولیات:
صحت کے شعبے میں دور رس اصلاحات کے تحت “صحت دہلیز” موبائل ایپلی کیشن متعارف کروا دی گئی ہے، جو دور دراز اور پس ماندہ علاقوں کے رہائشیوں کو 24 گھنٹے ٹیلی ہیلتھ مشاورتی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اس اقدام سے خاص طور پر ماؤں اور بچوں کی صحت کی نگہداشت میں بڑی پیشرفت دیکھنے میں آ رہی ہے اور غریب شہریوں کے لیے دور دراز کے سفر کی سفری صعوبتیں اور اخراجات ختم ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ میں ٹیلی ہیلتھ نرو سینٹر کا قیام:
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قائم کردہ Telehealth Nerve Centre دور دراز اضلاع کے مریضوں کو آن لائن رابطے کے ذریعے ماہر ڈاکٹروں سے جوڑ رہا ہے۔ اس مرکز میں 110 سے زائد عام معالجین اور 15 سینئر کنسلٹنٹس خدمات انجام دے رہے ہیں، جس سے محروم علاقوں کے عوام کو اپنے ہی گھر بیٹھے ماہرینِ طب کی رائے میسر آ رہی ہے۔
جامع اصلاحاتی ایجنڈا:
پی پی ایچ آئی بلوچستان کے تمام 39 اضلاع میں قائم 900 سے زائد ہیلتھ کیئر سینٹرز کے نیٹ ورک کو اس ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے گورننس میں بہتری اور عوامی خدمات تک مساوی رسائی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے اصلاحاتی ایجنڈے کا مرکزی حصہ ہے۔
ان اقدامات سے نا صرف صوبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے بلکہ عوام کا حکومت کے انتظامی اور فلاحی نظام پر اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔




