کوئٹہ: حاملہ خاتون فائرنگ سے جاں بحق، سات سالہ بیٹا زخمی

کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر واقع ایک نجی رہائشی اسکیم میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون جاں بحق جبکہ ان کا سات سالہ بیٹا زخمی ہو گیا۔

ایس ایچ او ایئرپورٹ تھانہ مقصود گجر کے مطابق یہ واقعہ ایک گھر کے اندر پیش آیا، جہاں وردہ داؤد نامی خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کا بیٹا محمد حبیب فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

زخمی بچے اور خاتون کی لاش کو طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر فرحان مگسی کو قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں حراست میں لے لیا ہے۔ مزید تفتیش کے لیے مقدمہ سنگین جرائم کی تحقیقاتی یونٹ (سیریس کرائمز انویسٹی گیشن یونٹ) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ وردہ داؤد کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور اس شادی سے ان کا ایک سات سالہ بیٹا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے فرحان مگسی سے دوسری شادی کی تھی۔

مقتولہ کی بہن نے حکومتِ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلانے کے لیے اقدامات کریں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

Trending