بولان ہائی وے پر بی ایل اے کا حملہ: مسافر کوچ پر فائرنگ، ڈرائیور شہید، ایک مسافر زخمی

ضلع بولان کے علاقے بالا ناری میں قومی شاہراہ پر صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک مسافر کوچ پر بی ایل اے کے مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور شہید جبکہ ایک مسافر زخمی ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بی ایل اے کے مسلح افراد نے چلتی ہوئی مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ایک مسافر زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد کوئٹہ قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق ڈرائیور کی لاش اور زخمی مسافر کو طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ اسپتال سبی منتقل کر دیا۔

حکام کے مطابق مسافر کوچ صادق آباد سے کوئٹہ جا رہی تھی کہ راستے میں اس پر حملہ کیا گیا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

Trending