
نیوز ڈیسک:
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی لائی جائے۔
بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ جدید سیکیورٹی ضروریات کے مطابق نگرانی کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو اپ گریڈ کریں اور ٹیکنالوجی پر مبنی جرائم کی روک تھام کو فروغ دیں۔
اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی سسٹم کی مدد سے 138 مسروقہ (چوری شدہ) گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی اور 9 مشکوک سرگرمیوں کا پتہ لگایا گیا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی کے ممکنہ بڑے حملوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اتھارٹی نے پولیس کو مختلف مجرمانہ مقدمات کے سلسلے میں 631 اہم ثبوت بھی فراہم کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مزید تکنیکی اصلاحات پر زور دیا۔
دریں اثنا، حکومت بلوچستان نے 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔



