
نیوزڈیسک: بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے ‘کیڈٹ ایکسیلنس اسکالرشپ پروگرام 2026ء’ کے تحت صوبے کے چار ہونہار طلباء کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کر لیا گیا ہے۔ یہ منتخب طلباء پنجاب کے نامور تعلیمی ادارے ملٹری کالج جہلم میں تعلیم حاصل کریں گے۔
کامران ثابت ہونے والے ان طلباء کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع—قلعہ سیف اللہ، ژوب اور بارکھان سے ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی لائق اور قابل نوجوانوں کی کمی نہیں ہے۔
اس کامیابی پر بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) خالد مندوخیل نے کامیاب طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بییف (BEEF) کا بنیادی مقصد بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو معیاری تعلیمی اداروں تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی تعلیمی، فکری اور قیادت کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیڈٹ ایکسیلنس اسکالرشپ پروگرام کا آغاز اسی مقصد کے تحت کیا گیا ہے تاکہ قابل طلباء کو ان کی صلاحیت اور میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں۔ بییف تمام اضلاع میں میرٹ اور مساوی مواقع کی فراہمی کے اصولوں کے تحت مستحق اور لائق طلباء کی سرپرستی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔



