
(ویب ڈیسک): آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) کی جانب سے صحبت پور کے مقامی رہائشیوں کے لیے 100 نئے مکانات کی تعمیر کا فلاحی منصوبہ جاری ہے، جس کا ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی مواد، کام کے معیار، بنیادی سہولیات اور ہاؤسنگ پروجیکٹ کے دیگر اہم پہلوؤں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور تعمیراتی عملے کو ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام تر منصوبے کو مقررہ معیار اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔
ڈی سی فریدہ ترین نے اس بات پر زور دیا کہ پروجیکٹ میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق خاندانوں کو بروقت معیار اور محفوظ چھت میسر آ سکے اور وہ اپنے نئے گھروں میں عزت کی زندگی بسر کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے او جی ڈی سی ایل کی جانب سے 100 مکانات کی تعمیر کے اس اقدام کو انتہائی قابلِ تحسین اور فلاحی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف مستحقین کو بہتر رہائشی سہولیات ملیں گی بلکہ ان کے مجموعی معیارِ زندگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود اور سوشل ڈیولپمنٹ کے ایسے منصوبوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔



