بلوچستان کے علاقے اسپن کاریز میں کوئلے کی کان کے حادثے کے بعد جاری امدادی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، جہاں امدادی ٹیموں نے آخری دو کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی ہیں۔
ہفتے کے روز امدادی کارکنوں نے کان سے آخری دو لاشیں نکال کر کئی روز سے جاری ریسکیو آپریشن کا اختتام کر دیا۔ حکام کے مطابق اس افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام کان کنوں کی لاشیں کان سے نکال لی گئی ہیں۔

شناخت، پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد آخری دو کان کنوں کی لاشیں ایمبولینسوں کے ذریعے خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ روانہ کر دی گئیں۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا تھا، جن میں مائنز ریسکیو ٹیموں، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
حکام کے مطابق کان کے اندر زہریلی گیسوں کی موجودگی، آکسیجن کی انتہائی کم سطح، زیرِ زمین تنگ راستوں اور کان کی زیادہ گہرائی کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو انتہائی خطرناک حالات میں کام کرنا پڑا۔
