30-10-2026

خبرکدا ویب ڈیکس: کلی سردار علی محمد خان (ضلع چاغی) کے رہائشی ماسٹر بامن خان نے اپنے لواحقین کے ہمراہ دالبندین پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے بیٹے شاہ حسین سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر بامن خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا شاہ حسین گھر سے جا چکا ہے اور اس کے بعد سے انہیں اس کی جائے وقوعہ یا سرگرمیوں کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر ان کا بیٹا کسی غیر قانونی، غلط اقدام یا کسی ناپسندیدہ تنظیم سے وابستہ ہوا ہے تو ان کا اور ان کے خاندان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا پورا خاندان پرامن شہری ہیں اور ان کی تمام تر ہمدردیاں ملک کی سلامتی و استحکام کے ساتھ ہیں۔ ماسٹر بامن خان نے مزید وضاحت کی کہ ان کا کسی شخص یا گروہ کے ساتھ کوئی ذاتی تنازع یا لین دین کا حساب کتاب نہیں ہے اور وہ اپنے بچوں کے ساتھ ایک پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد عوامی و قانونی سطح پر اپنے اور اپنے خاندان کے واضح اور پرامن موقف سے آگاہ کرنا اور بیٹے کے کسی بھی فعل سے خود کو علیحدہ کرنا ہے۔



