30-10-2026

خبرکدا ویب ڈیکس: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے محکمۂ توانائی و برقیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے کے توانائی کے شعبے کے دیرینہ چیلنجز اور وفاقی حکومت کے ساتھ معلق مسائل کے حل کے لیے ایک جامع ورکنگ پیپر تیار کرے۔ یہ اقدام خیبر پختونخوا میں سیاسی تصادم کے بجائے ادارہ جاتی رابطوں اور باہمی تعاون کے ذریعے مسائل حل کرنے کی جدید حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران صوبے کے اہم ہائیڈرو پاور منصوبوں بشمول 94 میگاواٹ گبرال کلام، 470 میگاواٹ کرم تنگی (کوریا)، 229 میگاواٹ کیڈم اور پیہور منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیٹ ہائیڈل پرافٹ (NHP) کے بقایا جات، گیس پر ایکسائز ڈیوٹی، ایل پی جی پالیسی 2016، 10 فیصد ایل پی جی کوٹے کی تخصیص اور صنعتی شعبے کو روزانہ 100 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی سے متعلق اہم معاملات پر بحث کی گئی۔
اس کے علاوہ اورکزئی، تیراہ اور میران شاہ گیس بلاکس کے زِیرِ التوا امور پر غور کرتے ہوئے گورنر نے محکمے کو ہدایت کی کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ وفاقی اداروں کے ساتھ اٹھائے۔ گورنر کنڈی نے صوبے کے آئینی و مالی حقوق کے حصول کے لیے وفاق کے ساتھ مضبوط رابطہ کاری پر زور دیا اور انرجی ایڈوائزر کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں، مستقبل کی توانائی کی ضروریات اور محکمے درپیش چیلنجز پر مبنی ٹھوس تجاویز تیار کریں۔
خیبر پختونخوا کا نیا سیٹ اپ باہمی اِلزام تراشی کے بجائے ادارہ جاتی شراکت داری اور ہم آہنگی کے ذریعے صوبائی حقوق کے تحفظ پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ یہ مثبت اندازِ فکر وفاق اور صوبے کے درمیان سازگار تعلقات کو فروغ دینے، حکمرانی کی بہتری اور سیاسی اختلافات پر عوامی مفادات کو ترجیح دے کر وفاقیت کے روح کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔



