28-OCT-2026

خبرکدا ویب ڈیکس: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ کی یونین کونسل میناز میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، جبکہ فرار ہونے والے دیگر عناصر کی تلاش جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بلیدہ کے مقامی بازار میں دہشت گردوں نے ناکہ بندی کرنے اور دکانوں کے تالے توڑ کر ٹک ٹاک (TikTok) ویڈیوز بنانے کی کوشش کی۔ اس واقعے پر مقامی شہریوں نے فوری طور پر سیکیورٹی فورسز کو اطلاع فراہم کی، جس پر فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔
سیکیورٹی فورسز کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور ایک دہشت گرد موقع پر ہی مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ کارروائی کے دوران دو برقعہ پوش یا بھیس بدلے ہوئے دہشت گرد (خواتین کے روپ میں) مقامی آبادی میں روپوش ہو گئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور پورے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بلوچستان میں “فتنہ ہندوستان” کے خلاف جاری انسدادی سرگرمیوں کا حصہ ہے اور خطے میں امن و امان کی بحالی تک ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔



