پاکستان اکنامک سمٹ 2026 میں گوادر، معدنیات اور خصوصی اقتصادی زونز توجہ کا مرکز

بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (بی بی او آئی ٹی) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقدہ پاکستان اکنامک سمٹ 2026 میں بلوچستان کی نمائندگی کی۔ اس کانفرنس کا انعقاد فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر علاؤالدین مری، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سینئر حکام اور ایف پی سی سی آئی کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اس سمٹ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، تجارتی تنظیموں اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی معاشی صورتِ حال، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے، نجی شعبے کی شمولیت اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تقریب کے موقع پر بلال خان کاکڑ نے ممتاز سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں تاکہ بلوچستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک موزوں اور پرکشش مقام کے طور پر متعارف کرایا جا سکے۔

انہوں نے معدنیات، توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، سیاحت اور خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) میں موجود مواقع پر روشنی ڈالی اور گوادر کی علاقائی تجارتی اور سرمایہ کاری مرکز کے طور پر اہمیت کو اجاگر کیا۔

بلال خان کاکڑ نے شرکاء کو بلوچستان حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، مختلف مراعات اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا، تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سرمایہ کاری کے فروغ، صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے، تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اکنامک سمٹ جیسے قومی فورمز میں شرکت بلوچستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، کاروباری برادری کے ساتھ روابط کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہے۔

بلال خان کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ صوبائی حکومت کے معاشی ایجنڈے کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے، نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے اور بلوچستان کو پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرنے والا صوبہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Trending