2-NOV-2026

خبرکدا)ویب ڈیکس(: ترجمان پاک فوج و ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی، افغان طالبان رجیم، بھارت کے منفی کردار اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر پاکستان کا سخت اور واضح مؤقف سامنے رکھ دیا ہے۔
بھارت سب سے بڑا سرپرست، افغان طالبان بھارتی پراکسی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، جبکہ افغان طالبان رجیم بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) بھی پاکستان کے خلاف کام کرنے والی بھارتی پراکسی تنظیمیں ہیں۔
افغانستان میں بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کی موجودگی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ افغان طالبان اپنے مذموم مقاصد کے لیے غیر ریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجوؤں کو استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ افغانستان میں روسی مداخلت کے بعد متعدد غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پراکسی گروپس نے اپنی جڑیں مضبوط کیں، جن کے اثرات آج بھی موجود ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ افغانستان میں جیش العدل، القاعدہ اور داعش خراسان (ISKP) جیسی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں محفوظ پناہ گاہیں قائم کیے ہوئے ہیں، جس کی تصدیق اقوام متحدہ، امریکہ اور دیگر عالمی ادارے بھی کر چکے ہیں۔
دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور اسلحے کی فراہمی
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم نے نور ولی محسود، بشیر زیب اور گل بہادر جیسے مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے والے گروہوں کی تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں اور انہیں وہیں سے جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
افغان طالبان کو سنگین نتائج کا انتباہ
ترجمان پاک فوج نے افغان طالبان پر زور دیا کہ پاکستان کا ان سے صرف ایک ہی بنیادی مطالبہ ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان رجیم نے یہ مطالبہ تسلیم نہ کیا تو اسے اس کے سنگین نتائج اور بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
عالمی برادری سے مطالبہ اور دفاعی صلاحیت
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی عالمی سطح پر کوئی ساکھ نہیں ہے، لہذا بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ کابل حکومت کو ایک معمول کی ذمہ دار ریاست کی طرح رویہ اختیار کرنے اور منشیات کی کاشت و پیداوار روکنے پر مجبور کرے۔
انٹرویو کے اختتام پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج افغانستان کی جانب سے درپیش تمام خطرات، بشمول ڈرونز کے حملوں یا دیگر چیلنجز، کا مؤثر جواب دینے اور ان کا مکمل سدباب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔




