
ویب ڈیسک :سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کھڈ کوچہ میں بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے (فتنہ الہندوستان) کے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاعات (IBO) کی بنیاد پر کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، تاہم فورسز نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آپریشن کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں فرار ہونے والے ممکنہ دیگر عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاکہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کیا جا سکے۔
ریاست اور سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے شرپسند عناصر کا پوری طاقت سے تعاقب کیا جائے گا اور دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔



