2-NOV-2026

خبرکدا)ویب ڈیکس(: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں مسلح افراد اور مقامی رہائشیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 شخص کو اغوا کر لیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے بسم اللہ نامی شہری کے بیٹے حیدر کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جس پر مقامی رہائشیوں نے اغوا کاروں کا تعاقب کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران مسلح افراد اور شہریوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت عبدالولی اور حنیف اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مسلح افراد حیدر کو اغوا کرنے کے بعد نامعلوم سمت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مغوی کو بحفاظت بازیافت کرایا جا سکے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
حکام کی جانب سے فی الحال مسلح افراد کی شناخت، ان کے مقاصد اور واقعے کی دیگر وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔




